اسرائیل کے غزہ اور لبنان پر تازہ فضائی حملوں میں کم از کم 18 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں مشرقی لبنان کے علاقے وادی بیکا میں کم از کم 11 افراد جان سے گئے جبکہ 15 دیگر زخمی ہوئے۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حملے پیر اور منگل کی درمیانی شب وادی بیکا کے گاؤں مشغرا میں کیے گئے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ حملوں کے دوران وادی بیکا اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 100 سے زائد ٹھکانوں اور جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے لبنان بھر میں حزب اللہ کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کی اجازت دی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں جہاں فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کم از کم سات افراد شہید ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران بھی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
سول ڈیفنس حکام نے بتایا کہ وسطی غزہ کے مغازی مہاجر کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم پانچ فلسطینی شہید ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق حملے کے بعد زخمیوں اور شہدا کو الاقصیٰ شہداء اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسپتال انتظامیہ نے ہلاکتوں کی تصدیق بھی کی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے حالیہ حملوں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری جنگ کے باعث ہزاروں فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ خطے میں انسانی بحران مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 18 افراد شہید
