پاکستان میں امریکی ڈپٹی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات مضبوط، دیرینہ اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مقاصد کے جذبے کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
امریکی ڈپٹی ناظم الامور نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات صرف سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیکیورٹی اور عوامی سطح کے روابط بھی اس شراکت داری کا اہم حصہ ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان حقیقی دوستی مشترکہ مفادات اور باہمی احترام پر قائم ہے۔
نیٹلی بیکر نے مزید کہا کہ امریکی سفارتخانے اور دونوں ممالک کی متعلقہ ٹیموں نے ویزا سہولتوں، تجارتی روابط، سرمایہ کاری کے فروغ اور سیکیورٹی تعاون کے شعبوں میں انتھک محنت کی ہے۔ ان کوششوں کا مقصد دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اسلام آباد کے سفارتی کردار کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپریل میں پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کی میزبانی کی، جو خطے میں سفارتی کوششوں اور امن کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت تھی۔
تقریب کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تعاون، اقتصادی روابط اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان امریکا شراکت داری مضبوط اور دیرینہ ہے، نیٹلی بیکر
