لاس اینجلس: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کر لیا۔
لاس اینجلس میں کھیلے گئے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کے اسٹرائیکر ایلیجا جسٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو دو مرتبہ برتری دلائی۔ تاہم ایران نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دونوں مواقع پر مقابلہ برابر کر دیا۔ایران کی جانب سے رامین رضائیان اور محمد موہبی نے ایک، ایک گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔
میچ کے آغاز کے صرف ساتویں منٹ میں ایلیجا جسٹ نے نیوزی لینڈ کو برتری دلائی، تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے قبل رامین رضائیان نے گول کر کے اسکور 1-1 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں بھی نیوزی لینڈ نے دوبارہ برتری حاصل کی لیکن محمد موہبی نے گول کر کے ایران کو ایک اہم پوائنٹ دلا دیا۔
یہ میچ اس لحاظ سے بھی اہم تھا کہ ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت کئی ہفتوں تک غیر یقینی صورتحال کا شکار رہی۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بعد ٹیم کی شرکت پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے، تاہم ایرانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا مثبت آغاز کیا۔
میچ سے قبل انگل ووڈ اسٹیڈیم کے باہر ایرانی حکومت مخالف مظاہرے بھی دیکھنے میں آئے، جبکہ اسٹیڈیم کے اندر ایرانی قومی ترانے کے دوران تماشائیوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔لاس اینجلس دنیا میں ایران کے باہر سب سے بڑی ایرانی کمیونٹی کا مرکز سمجھا جاتا ہے، جس کے باعث اس میچ کو غیر معمولی توجہ حاصل رہی۔دوسری جانب نیوزی لینڈ، جو ٹورنامنٹ کی کم ترین درجہ بندی رکھنے والی ٹیم ہے، اب بھی ورلڈ کپ فائنلز میں اپنی پہلی تاریخی فتح کی تلاش میں ہے۔
