فیفا نے ورلڈ کپ میچز کے دوران اسٹیڈیم کے اندر صرف ایران کا موجودہ اور سرکاری قومی پرچم لہرانے کی اجازت دی ہے –
ورلڈ کپ ضوابط کے تحت فیفا نے یہ واضح کر دیا ہے کہ کھیل کے میدانوں میں صرف رکن ممالک کے تسلیم شدہ سرکاری جھنڈے ہی لائے جا سکتے ہیں اس فیصلے کے باعث لاس اینجلس کے سوفائی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران ایران کے سابق شاہی دور کا پرچم لہرانے کی ممانعت تھی، کیونکہ سیکیورٹی انتظامیہ کی جانب سے ایسے بینرز اور لباس پر سختی برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق اسٹیڈیم میں سیکیورٹی عملے نے کچھ ایسے شائقین کو روکا جنہوں نے پرانے جھنڈے والی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں اور متبادل لباس نہ ہونے پر انہیں شرٹس الٹی کر کے پہننے کی ہدایت کی گئی تاہم، ایک بار جب شائقین اسٹیڈیم کے اندر داخل ہو گئے، تو انتظامیہ اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی اورمیچ کے دورا ن یہ جھنڈے بھی لہرائے گئے۔
واضح رہے کہ ایران کے سابق دور سے منسلک علامتی پرچم موجودہ سرکاری پرچم سے مختلف ہے، اس میں ’شیر اور سورج‘ کا نشان شامل ہے جو 1979ء کے انقلاب سے قبل کے دور کی علامت سمجھا جاتا ہے فیفا کا مؤقف ہے کہ وہ کھیل کے میدانوں کو کسی بھی قسم کے سیاسی احتجاج یا تنازعات سے دور رکھنا چاہتی ہے، اسی لیے اسٹیڈیم کے اندر صرف موجودہ ایرانی حکومت کا سرکاری پرچم ہی جائز تصور ہوگا اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکا جائے گا۔
