کراچی ٹریفک پولیس نے 8، 9 اور 10 محرم الحرام 1448ھ کے مرکزی جلوسوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان جاری کر دیا ہے تینوں دن مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوں گے اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے، جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر بند رہے گی۔
پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک لسبیلہ چوک سے متبادل راستوں پر منتقل کی جائے گی، جبکہ شاہر اہ فیصل سے آنے والی گاڑیوں کو سوسائٹی سگنل سے متبادل روٹس پر موڑ دیا جائے گا،جلوس کے راستوں پر صرف مجاز اور اسٹیکر شدہ گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جس کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں شہر بھر میں 5 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے جبکہ مرکزی جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر اضافی نفری اور ریزرو فورس بھی تعینات کی جائے گی سرچ اور سویپ آپریشنز کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی فوری اطلاع مددگار 15 پر دیں۔
