غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں تازہ حملوں میں کم از کم 6 فلسطینی شہیدجبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب کئی ماہ قبل جنگ بندی کا اعلان کیا جا چکا تھا، تاہم اس کے باوجود جانی نقصان کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
طبی ذرائع کے مطابق پیر کے روز جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں الرشید اسٹریٹ پر ایک گاڑی کو اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسی روز المواصی کے علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے پر ہونے والے ایک اور اسرائیلی حملے میں مزید 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب غزہ سٹی میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں میاں بیوی شہید ہو گئے۔ الشفا اسپتال کے ذرائع نے دونوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
طبی حکام کے مطابق حالیہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 20 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے دعوؤں کے باوجود اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں، جس سے شہری آبادی، بے گھر خاندانوں اور رہائشی علاقوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ امدادی اداروں نے بھی غزہ میں انسانی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرین تک امداد کی بلا رکاوٹ رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔
غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، مزید 6 فلسطینی شہید، 20 سے زائد زخمی
