اندور: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں غیرت کے نام پر قتل (آنر کلنگ) کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 26 سالہ نوجوان خاتون کو مبینہ طور پر اس کے بھائی نے قتل کر دیا، جبکہ پولیس کے مطابق اس جرم میں ماں نے بھی بیٹے کا ساتھ دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ جیوتی اگروال آن لائن کاروبار سے وابستہ تھی اور اسی دوران اس کی ایک ساتھی نوجوان سے دوستی اور تعلق قائم ہوگیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان کا تعلق دوسری ذات سے تھا، جس پر گھر والوں کو شدید اعتراض تھا اور اسی معاملے پر اکثر گھریلو تنازعات ہوتے رہتے تھے۔پولیس کے مطابق 2 اپریل کو جیوتی اپنے دوست سے ملنے کے لیے گھر سے نکلنے کی تیاری کر رہی تھی کہ اس دوران اس کی اپنے بھائی پرکاش اگروال سے تلخ کلامی ہوگئی۔ الزام ہے کہ جھگڑا شدت اختیار کرنے پر بھائی نے بہن کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کا سر دیوار سے دے مارا، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہوگئی۔
تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ زخمی حالت میں جیوتی کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ملزم نے واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مبینہ طور پر اس کے منہ میں زہر بھی ڈال دیا۔ جیوتی 3 اپریل کو دورانِ علاج دم توڑ گئی۔ابتدائی طور پر اہل خانہ نے واقعے کو خودکشی قرار دیا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کان کے پیچھے گہری چوٹ اور جسم پر تشدد کے 14 نشانات سامنے آنے کے بعد پولیس نے قتل کے شبہے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔پولیس نے تقریباً تین ماہ تک شواہد اکٹھے کیے، جس کے بعد ماں اور بھائی سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے دورانِ تفتیش قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا، جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
