کراچی کے علاقے سعود آباد میں ڈینٹسٹ کے 11 سالہ بیٹے کے اغوا کا واقعہ پیش آیا، تاہم سعود آباد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بچے کو محض 9 گھنٹوں کے اندر بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے مطابق اغوا کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ ابتدائی کارروائی کے دوران اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر ٹریس کیا گیا، جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور ان کے ممکنہ ٹھکانوں تک رسائی حاصل کی گئی۔
پولیس نے ایک مشتبہ مقام پر چھاپہ بھی مارا، تاہم معلوم ہوا کہ ملزمان وہاں سے پہلے ہی اپنا رہائشی مقام تبدیل کر چکے تھے۔ اس کے باوجود تفتیشی ٹیموں نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید تکنیکی ذرائع سے ملزمان کا تعاقب جاری رکھا۔ حکام کے مطابق جب ملزمان کو احساس ہوا کہ پولیس ان تک پہنچنے والی ہے تو انہوں نے گرفتاری کے خوف سے مغوی بچے کو ماڈل ٹاؤن میں ایک معروف اسٹور کے قریب چھوڑ دیا اور خود فرار ہو گئے۔
پولیس نے بچے کو بحفاظت اپنی تحویل میں لینے کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔ ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ ملزمان کی مکمل تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بچے سے بھی واقعے کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی تاکہ اغوا کی وجوہات اور تمام حقائق سامنے آ سکیں۔
مغوی بچے خضر دانش کے والد ریاض نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا کہ واقعے کی رات ان کے ایک بیٹے کے انتقال پر گھر میں قرآن خوانی جاری تھی۔ اسی دوران خضر دانش، اس کا بڑا بھائی اور ایک بھانجی گھر کے قریب دکان سے سامان خریدنے کے لیے باہر گئے تھے۔
ان کے مطابق کچھ ہی دیر بعد بڑا بیٹا اور بھانجی روتے ہوئے واپس آئے اور بتایا کہ سلور رنگ کی ایک گاڑی میں سوار نامعلوم افراد خضر دانش کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے ہیں۔ اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی کا تعاقب بھی کیا، لیکن اغوا کار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس کی بروقت کارروائی اور مسلسل تعاقب کے باعث بچہ چند گھنٹوں کے اندر بحفاظت بازیاب ہو گیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سعود آباد سے اغوا ہونے والا 11 سالہ بچہ 9 گھنٹوں میں بحفاظت بازیاب
