پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ ’آپریشن شعبان‘ بھرپور انداز میں جاری ہے، تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جب کہ آج کیے جانے والے 3 آپریشنز میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہاڑوں میں چھپے ہوئے ان دہشت گردوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے زمین پر موجود دستوں کے ساتھ ساتھ ہوا سے بھی کارروائی کی گئی ہے، یعنی ہیلی کاپٹرز اور فضائیہ کی مدد سے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور بلوچستان پولیس نے مل کر صوبے کے مشکل اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں امن دشمن عناصر کے خلاف ایک بہت بڑا اور مربوط مشترکہ آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کا نام ’آپریشن شعبان‘ رکھا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، آج کی جانے والی 3 کارروائیوں کے دوران مزید 21 دہشت گر مارے گئے پہلی کارروائی کے دوران 9، دوسری کارروائی کے دوران 5 جب کہ تیسری کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 64 ہوچکی ہے جب کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 104 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ جب تک بلوچستان کی دھرتی سے آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، تب تک یہ آپریشن شعبان اسی طرح پوری طاقت سے جاری رہے گا۔
