Baaghi TV

میر رضا کیس، جوڈیشل کمیشن کا اطلاع دینے والے کو ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان

کراچی: میر رضا علی کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن نے اہم احکامات جاری کردیے۔

کمیشن نے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے اخبارات میں اشتہارات شائع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔جوڈیشل کمیشن کے مطابق میر رضا علی کے قتل میں ملوث ملزمان تک پہنچنے میں معاونت فراہم کرنے والی قابلِ عمل اطلاع دینے والے شخص کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔کمیشن نے سندھ حکومت سے کیس میں شامل پولیس افسران اور ڈاکٹروں کی فہرست، ایف آئی آر، میموز، دفعہ 161 کے تحت ریکارڈ کیے گئے بیانات اور میڈیکل رپورٹس بھی طلب کرلی ہیں۔

تحقیقاتی عمل کے سلسلے میں کمیشن نے لاش سب سے پہلے دیکھنے والے نرسری ملازمین یاسر اور قیصر، جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں، ایدھی ایمبولینس کے ڈرائیورز محسن اور جاوید، پولیس افسر ندیم اور میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر اسامہ کو بھی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔اس کے علاوہ کمیشن نے جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی طلب کرلی ہے تاکہ میر رضا علی کی ہلاکت کے حالات و واقعات کی مزید تحقیقات کی جاسکیں۔

More posts