Baaghi TV

کیٹی بندر پر نئی بندرگاہ تعمیر کرنے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ سندھ

‎وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے ساحلی علاقے کیٹی بندر میں نئی بندرگاہ تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ سندھ کی معیشت، سمندری تجارت اور ساحلی علاقوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
‎کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ نئی بندرگاہ ضلع ٹھٹہ کے ساحلی مقام کیٹی بندر پر قائم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور ساحلی پٹی کی ترقی کو فروغ ملے گا۔
‎مراد علی شاہ نے ملک میں آٹے اور گندم کے بحران پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت کم مقرر کیے جانے کے باعث سرکاری خریداری متاثر ہوئی۔ ان کے مطابق امدادی قیمت کا تعین وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق کیا گیا تھا، تاہم کم قیمت کی وجہ سے کسانوں نے سرکاری مراکز پر گندم فروخت کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔
‎انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں سے 3 ہزار روپے فی من کے حساب سے گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب یہ خریداری قانون کے مطابق کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بھی گندم اور آٹے کی صورتحال پر اہم اجلاس کر رہے ہیں، جبکہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ سندھ حکومت کو مستقبل میں گندم کی خریداری کو ریگولیٹ نہیں کرنا چاہیے۔
‎امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کی نئی لہر کا سامنا کر رہا ہے اور دہشت گرد عناصر کا بنیادی ہدف کراچی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور کسی بھی دہشت گرد گروہ کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
‎انہوں نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے دوران نوجوان ڈاکٹر کے قتل کے واقعے پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اس کا سخت نوٹس لیا ہے اور پولیس کو فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

More posts