Baaghi TV


حافظ نعیم کا 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان، اہم شاہراہیں بند کرنے کا عندیہ

naeem

‎امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 7 اگست کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر احتجاج کیا جائے گا اور مختلف مقامات پر سڑکیں بند کی جائیں گی۔
‎نجی ٹی وی سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں احتجاج میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں افراد گھروں سے نکلیں اور نوجوان موٹر سائیکل ریلیوں کے ذریعے احتجاج کو کامیاب بنائیں۔
‎انہوں نے بتایا کہ احتجاجی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ملک بھر میں تقریباً 20 ہزار کارنر میٹنگز منعقد کی جائیں گی تاکہ عوام کو احتجاج کے مقاصد سے آگاہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسز اور ہنگامی طبی امداد کی گاڑیوں کو راستہ دیا جائے گا، جبکہ دیگر مقامات پر احتجاج جاری رہے گا۔
‎حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن اور جمہوری ہوگا اور اس کا مقصد حکومت پر عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے دباؤ بڑھانا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم لیوی ختم کرے، بجلی کے شعبے میں آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کرے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
‎امیر جماعت اسلامی نے تاجروں، وکلا، طلبہ، مزدوروں اور معاشرے کے دیگر طبقات سے بھی احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک عوامی مسائل کے حل کے لیے شروع کی جا رہی ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ اگر جماعت اسلامی کی پرامن اور آئینی جدوجہد میں رکاوٹ ڈالنے یا احتجاج کو روکنے کے لیے غیر جمہوری اقدامات کیے گئے تو پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جاری تحریک مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور اسے حکومت مخالف تحریک میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
‎واضح رہے کہ جماعت اسلامی اس سے قبل بھی بجلی کے نرخوں، مہنگائی، ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مہم چلاتی رہی ہے۔ 7 اگست کے احتجاج کے اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں اس کی ممکنہ عوامی شرکت اور اثرات پر بھی تبصرے جاری ہیں۔

More posts