Baaghi TV

آئندہ حج کی تیاریاں، وزیراعظم کی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں آئندہ حج کی تیاریوں، انتظامات اور وزارتِ مذہبی امور کے جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے وزیراعظم کو آئندہ حج کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے عازمین حج کے لیے کیے جانے والے انتظامات، مختلف امور پر جاری تیاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو وزارتِ مذہبی امور کے معاملات اور جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر حج انتظامات کو بہتر بنانے، عازمین کو سہولیات کی فراہمی اور تمام متعلقہ امور کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئندہ حج کے دوران پاکستانی عازمین کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے لیے مؤثر اور جامع انتظامات یقینی بنائے جائیں۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ حج ایک اہم مذہبی فریضہ ہے، اس لیے عازمین کو رہائش، سفری سہولیات، رہنمائی اور دیگر ضروری امور میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حج کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور تیاریوں کے ہر مرحلے کی مؤثر نگرانی کی جائے تاکہ عازمین حج کو سہولت اور آسانی فراہم کی جا سکے۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ حج انتظامات میں شفافیت، مؤثر رابطہ کاری اور بہتر انتظامی حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پاکستانی عازمین کو سعودی عرب میں قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آسکے۔

ملاقات میں وزارتِ مذہبی امور سے متعلق دیگر اہم امور اور حج کی تیاریوں کے حوالے سے جاری اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارت اور حکام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔

More posts