مہنگائی کے ستائے شہریوں پر بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔
بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 52 پیسے اضافے کی تیاری کی جارہی ہے، جس کے لیے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں درخواست دائر کردی ہے۔سی پی پی اے کی جانب سے درخواست جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی ہے۔ نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 27 اگست کو سماعت کرے گا، جس کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔درخواست کے مطابق جولائی میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں مختلف ذرائع کا حصہ بھی سامنے آگیا۔ جولائی کے دوران درآمدی کوئلے سے 14.34 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جبکہ پانی سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 39.81 فیصد رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جبکہ درآمدی گیس سے 10.78 فیصد بجلی کی پیداوار کی گئی۔اگر نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست منظور کرلی تو بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا اور بجلی کے ماہانہ بلوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
