بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں ایک طلباء تنظیم کا کہنا ہے کہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کو لاگو کیے بغیر مردم شماری کے انعقاد کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فورسز نے آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں تین مظاہرین زخمی ہو گئے۔
خبررساں ادارے کے مطابق انصاف اور منصفانہ حد بندی کی مہم کے تحت طلباء تنظیم نے 16 اگست کو امپھال ایسٹ میں ڈائریکٹوریٹ آف سینسس آپریشنز کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ منی پور میں این آر سی کے نفاذ تک مردم شماری کو مؤخر کیا جائے۔کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب مظاہرین نے دفتر کو تالے لگانے کی کوشش کی جس کے بعد بھارتی فورسز نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ اس کارروائی میں تین مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔مظاہرین نے ’’این آر سی نہیں تو مردم شماری نہیں“ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ این آر سی کو لاگو کرنے سے پہلے ریاست میں مردم شماری نہیں کی جانی چاہیے۔ طلباء نے کہا کہ اگر ان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو وہ احتجاج میں شدت لائیں گے۔
