سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں سزا یافتہ قرار دے دیا گیا۔ آسٹریلوی عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد ان پر 1500 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ ماہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد عدالت نے انہیں سزا سنائی۔ دورانِ سماعت وارنر کے وکیل اویس احمد نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں سزا یافتہ قرار نہ دیا جائے۔وکیل کا مؤقف تھا کہ ڈیوڈ وارنر کی غلطی کو دنیا بھر کے میڈیا نے نمایاں طور پر رپورٹ کیا، جس کے باعث ان کے مالی معاہدوں اور پیشہ ورانہ معاملات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔تاہم عدالت نے قرار دیا کہ شراب پی کر گاڑی چلانے کی حوصلہ شکنی کے لیے واضح پیغام دینا ضروری ہے۔ عدالت کے مطابق سزا کا مقصد ایسے جرائم کی روک تھام اور دوبارہ جرم کے امکانات کو کم کرنا بھی ہے۔عدالت نے ڈیوڈ وارنر کو ڈرائیونگ کے لیے انٹرلاک ڈیوائس استعمال کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ انہیں اس ڈیوائس کا لائسنس حاصل کرنے اور گاڑی میں ڈیوائس نصب کروانے کے بعد ہی ڈرائیونگ کی اجازت ہوگی۔انٹرلاک ڈیوائس گاڑی میں الکوحل کی موجودگی کا پتہ لگانے کے بعد انجن اسٹارٹ ہونے سے روک دیتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ کے دوران چھٹیوں کے لیے سڈنی گئے تھے، جہاں ان کا رینڈم بریتھ ٹیسٹ کیا گیا۔ اس وقت وہ شراب پی کر گاڑی چلا رہے تھے۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کی جگہ پہنچنے سے قبل گاڑی میں موجود اپنے ایک ساتھی کے ساتھ نشست بھی تبدیل کی تھی۔ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ ماہ عدالت میں شراب پی کر گاڑی چلانے کا جرم تسلیم کیا تھا، جس کے بعد آج عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں جرمانے کی سزا دی۔
