Baaghi TV

بلاول اپوزیشن چیمبر پہنچ گئے،محمود اچکزئی،علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات

پیپلز پارٹی کی نئی سیاسی چال،اپوزیشن کی طرف تعاون کا ہاتھ بڑھا دیا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن لیڈر کے چیمبر پہنچ گئے،بلاول کی اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات ہوئی، بلاول بھٹو زرداری کے ہمراء شیری رحمان، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن شامل تھے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمنٹ میں تعاون پر بات چیت کی گئی،

پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں، بالخصوص پی ٹی آئی، سے رابطے بحال کئے جائیں،سلمان اکرم راجہ
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اپوزیشن لیڈر سے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ خیر سگالی کے جذبے کے تحت تھا۔ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں، بالخصوص پی ٹی آئی، سے رابطے بحال کئے جائیں، بلاول بھٹو اپوزیشن لیڈرز سے ملاقات کے لیے آئے تھے اور ہم بھی وہاں موجود تھے۔ ہم نے ان کی باتیں سنیں، وہ اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ رکھنا چاہتے ہیں۔ ہم نے واضح طور پر کہا کہ عمران خان کو علیحدہ کال کوٹھری میں ڈال کر سیاسی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پیپلزپارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اچھے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپیل کرنا اچھا فیصلہ نہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ سوچا سمجھا ہے اور آسانی سے تبدیل نہیں ہوگا۔ ہم ہر طرح سے احتجاج میں ہیں اور یہ عمل جاری رہے گا، امید ہے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہوگا۔

ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں نیشنل اسمبلی کے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ملاقات کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکریٹری جنرل اسد قیصر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، رکن قومی اسمبلی عادل بازئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوندزادہ حسین بھی موجود تھے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن موجود تھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارلیمان میں حزب اختلاف کے قائدین کے درمیان پارلیمانی امور اور ملکی سیاست پر تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں حزب اختلاف کے قائدین سے درخواست کی کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہوکر فعال کردار ادا کریں، جس پر اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی اور قائدین حزب اختلاف نے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں حزب اختلاف کے قائدین سے کہا کہ آپ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں پارلیمان میں اپنا کردار ادا کریں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں عمران خان کی اسپتال منتقلی اور علاج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جمہوری روایت ہے۔

More posts