بلوچستان کے ضلع پشین میں دہشت گردوں نے چار بے گناہ مزدوروں کو بہیمانہ فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
واقعہ پشین کے علاقے سرانان، سلیمان زئی میں پیش آیا، جہاں مزدور ڈبل روڈ کی تعمیر کے کام میں مصروف تھے اسی دوران دہشتگردوں نے اچانک ان پر فائرنگ کردی،فائرنگ کے نتیجے میں 4مزدور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک مزدور زخمی ہوا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنۃ الخوارج گزشتہ ایک ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں مسلسل ناکامی کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ مختلف آپریشنز میں 50 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے خلاف کامیابی حاصل نہ ہونے پر دہشت گردوں نے نہتے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ گزشتہ روز نوشکی میں بھی دو شہریوں کو قتل کیا گیا، جبکہ آج 24 اگست کو پشین میں چار مزدوروں کو بے دردی سے قتل کردیا گیا جن کا تعلق پنجاب سے ہے
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بے گناہ شہریوں کا قتل کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے واقعات دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں اور انسانیت سے عاری ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
