Baaghi TV

وزیر خزانہ کی زیرصدارت رسائیِ فنانس سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت رسائیِ فنانس سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ہاؤسنگ، زراعت، ایس ایم ایز اور برآمدات کے لیے فنانسنگ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ہاؤسنگ فنانس 307 ارب روپے، اپنا گھر پروگرام کی منظور شدہ فنانسنگ 279 ارب روپے جبکہ زرعی فنانسنگ 1.26 ٹریلین روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اپنا گھر پروگرام کے تحت 7 ہزار 600 سے زائد قرضے جاری ہوچکے ہیں جبکہ درخواستوں میں 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ زرعی قرض لینے والوں کی تعداد 33 لاکھ 70 ہزار ہوگئی، جبکہ زرخیزِ ای سکیم میں 58 ہزار سے زائد کسان رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ ایس ایم ایز کے لیے رسمی فنانسنگ 1.05 ٹریلین روپے تک پہنچ گئی ہے اور 13 بینکوں میں ایس ایم ای کریڈٹ سکورنگ کا پائلٹ جاری ہے۔

اجلاس میں زراعت اور ایس ایم ای فنانسنگ کو 2027 تک 1.5 ٹریلین اور 2028 تک 2 ٹریلین روپے تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

برآمدات بڑھانے کے لیے کارکردگی پر مبنی ریبیٹ اسکیم بھی جاری ہے، جس کے تحت 10 فیصد تک برآمدی نمو پر ایک فیصد جبکہ 10 فیصد سے زائد نمو پر 2 فیصد ریبیٹ دیا جائے گا۔

پی اے وی ای پروگرام کے تحت 83 ہزار سے زائد درخواستیں موصول، 15 ہزار 800 منظور اور تقریباً 4 ہزار قرضے جاری ہوچکے ہیں، جبکہ پروگرام کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی ہے۔

وزیر خزانہ نے فنانسنگ کی ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کسانوں، ایس ایم ایز اور برآمد کنندگان کو فنانسنگ سہولیات سے آگاہ کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رسائیِ فنانس کا مقصد معاشی مواقع تک رسائی بڑھانا ہے۔

More posts