Baaghi TV

شمالی قبرص کے ساحل پر کشتی الٹ گئی، 7 افراد ہلاک، 23 لاپتا

شمالی قبرص کے ساحل کے قریب ترکیہ جانے والی ایک کشتی حادثے کا شکار ہوکر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک جبکہ 23 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کشتی شمالی قبرص کی بندرگاہ سے ترکیہ کے لیے روانہ ہوئی تھی اور کچھ ہی دیر بعد ساحل سے تقریباً 6.5 کلومیٹر دور حادثے کا شکار ہوگئی۔

حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، تاہم ریسکیو کیے گئے ایک مسافر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کشتی الٹنے سے قبل اس کے اگلے حصے میں ایک زور دار دھماکا ہوا تھا۔

ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیراعظم اونال اوستل کے مطابق کشتی میں مجموعی طور پر 267 افراد سوار تھے، جن میں سے 23 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

شمالی قبرص کے وزیر ٹرانسپورٹ ایرہان اریکلی نے ترک ٹی وی نیٹ ورک ٹی آر ٹی کو بتایا کہ حادثے کے بعد 161 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 76 افراد کو بحفاظت ان کے اہلخانہ کے پاس پہنچا دیا گیا۔

حادثے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ حکام کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔

More posts