Baaghi TV

ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پرواز کے کارگو ہولڈ میں آگ لگ گئی، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 784 کے کارگو ہولڈ میں آگ لگنے کے باعث طیارے کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق طیارے نے ٹورنٹو ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے اڑان بھری ہی تھی کہ ٹیک آف کے تقریباً 12 منٹ بعد پائلٹ کے پینل پر آگ کی نشاندہی کرنے والے سگنلز موصول ہوئے۔

جہاز کے عملے نے کارگو ہولڈ میں آگ لگنے کی صورتحال کی تصدیق کی، جس کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر طیارے کا رخ ٹورنٹو ایئرپورٹ کی جانب موڑ لیا اور ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ کی اطلاع ملتے ہی ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر رن وے پر پہنچا دیا گیا تاکہ طیارے کے اترتے ہی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد فائر بریگیڈ کے اہلکار کارگو ہولڈ کا معائنہ کر رہے ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجہ اور شدت کا تعین کیا جاسکے۔

پرواز پی کے 784 میں 130 مسافر سوار تھے، جنہیں بحفاظت طیارے سے اتار کر ایئرپورٹ کے لاؤنج میں منتقل کردیا گیا۔

پرواز کو پیر کی دوپہر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا، تاہم کارگو ہولڈ میں آگ لگنے کے واقعے کے باعث پرواز کا شیڈول متاثر ہوگیا۔

More posts