Baaghi TV

پنجاب میں صفائی ٹیکس وصولی کے لیے نئی فورس بنانے کی تجویز

پنجاب بھر میں صفائی ٹیکس اور چارجز کی وصولی مؤثر بنانے کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے تحت نئی فورس قائم کرنے کی تجویز تیار کرلی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری دستاویزات میں فورس کی تشکیل کے لیے محکمہ ایکسائز میں مجموعی طور پر 305 نئی آسامیوں کی منظوری کی سفارش کی گئی ہے۔ ان میں گریڈ 5 کی 300 آسامیوں پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کانسٹیبلز بھرتی کیے جائیں گے، جنہیں صوبے کے تمام اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔

تجویز کے مطابق ہر ضلع میں 7 سے 8 کانسٹیبلز کو صفائی ٹیکس اور چارجز کی وصولی کی مہم پر مامور کیا جائے گا۔ نئی فورس پنجاب بھر میں تقریباً 47 لاکھ پراپرٹیز سے صفائی چارجز کی وصولی، بلوں کی تقسیم، نادہندگان سے رابطے اور واجبات کی ریکوری کی ذمہ دار ہوگی۔

فورس کی انتظامی نگرانی کے لیے ایک ڈائریکٹر اور 4 ڈپٹی ڈائریکٹرز تعینات کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ یہ فورس وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے براہِ راست ماتحت کام کرے گی۔

سرکاری تجویز کے مطابق فیلڈ عملے کی نقل و حرکت اور ریکوری مہم کو مؤثر بنانے کے لیے 300 کانسٹیبلز کو 300 الیکٹرک موٹرسائیکلیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ نگران افسران کے لیے ایک 1300 سی سی کار اور 4 سوزوکی کلٹس گاڑیاں خریدنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گاڑیوں اور الیکٹرک موٹرسائیکلوں کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر 11 کروڑ 30 لاکھ روپے کے فنڈز مانگے گئے ہیں۔ نئی آسامیوں اور گاڑیوں کی خریداری کے اخراجات پورے کرنے کے لیے حکومت پنجاب سے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

تجویز کی منظوری کی صورت میں نئی فورس کے ذریعے صفائی ٹیکس کی وصولی، نادہندگان کے خلاف فالو اپ اور واجبات کی ریکوری کے عمل کو مزید منظم بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

More posts