Baaghi TV

ترکیہ کے یوم فتح کی 104ویں سالگرہ، جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب

راولپنڈی: ترکیہ کے یوم فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور مضبوط دفاعی شراکت داری کو اجاگر کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں پاکستان میں تعینات ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک فوج کے افسران، ترک سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے لیے غیرمتزلزل حمایت پر استوار ہیں۔

تقریب میں ترک مسلح افواج کی بہادری، قربانیوں اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ترکیہ کے 104ویں یوم فتح کے موقع پر آئی ایس پی آر نے پاک ترک دوستی کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی نغمہ ”دو دل، ایک جان“ بھی جاری کیا۔ نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت، محبت اور باہمی احترام کی عکاسی کی ہے۔

”دو دل، ایک جان“ کی موسیقی علی مصطفیٰ نے تیار کی، جبکہ اس کی کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر نے ترتیب دی۔ نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔

اس نغمے کی خاص بات یہ ہے کہ اردو اور ترک زبان کے امتزاج پر مبنی اس پیشکش میں شامل تمام گائیک اور فنکار پاکستانی ہیں، جبکہ اس کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ ثقافتی اقدار اور دونوں قوموں کے درمیان محبت و بھائی چارے کو نمایاں کیا گیا ہے۔

نغمے میں رباب کے ساتھ ترکیہ کے روایتی ساز باقلاما اور دربوکا کی دلکش دھنیں شامل کی گئی ہیں، جو پاک ترک دوستی کی خوبصورت موسیقائی عکاسی کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اردو اور ترک زبان کے حسین امتزاج پر مبنی یہ نغمہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال دوستی، بھائی چارے، باہمی محبت اور مشترکہ اقدار کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا ہے۔

More posts