Baaghi TV

چاغی اور پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید

balochistan

کوئٹہ: چاغی اور پشین کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 بہادر اہلکار اور سرکاری ملازم شہید ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ اور پشین کے زیارت کراس میں دہشت گردی کے متعدد واقعات پیش آئے، جن میں سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔31 اگست کو فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ N-40 پر مسافروں اور دیگر شہریوں کی پرامن آمدورفت متاثر کرنے کے لیے غیر قانونی ناکہ قائم کرکے بھتہ خوری کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنۃ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے مربوط حملہ کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بناتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں انہیں مزید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو ان کی قانونی ذمہ داریاں انجام دینے سے روکنا اور علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کا تسلسل یقینی بنانا تھا۔
تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 بہادر سپوتوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 2 افسران اور کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کی مہم بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

More posts