کیپٹل ایمرجنسی سروسز کی جانب سے وزیراعظم آفس میں فائر اینڈ ریسکیو سسٹم کی عملی آزمائش کے لیے موک فائر اینڈ ریسکیو ڈرل کی گئی، جس کے دوران فائر الارم اور سائرن کی آواز انتہائی کم ہونے سمیت بجلی کی بندش کی صورت میں الیکٹریکل گیٹ نہ کھلنے کا مسئلہ بھی سامنے آیا۔
موک ڈرل کے دوران فائر کال موصول ہونے کے صرف ایک منٹ بعد متعلقہ ایمرجنسی ٹیموں کو اطلاع دے دی گئی، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے بھی فوری رسپانس کا مظاہرہ کیا۔
فائر الارم 11 بج کر 32 منٹ پر موصول ہوا، جس کے بعد جی فائیو سے فائر ٹینڈر صرف 4 منٹ میں وزیراعظم آفس پہنچ گیا۔ ریسکیو وین اور برونٹو اسکائی لفٹ بھی 9 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ڈرل کے دوران فائر الارم اور سائرن کی آواز انتہائی کم ہونے کا انکشاف ہوا، جبکہ بجلی بند ہونے کی صورت میں الیکٹریکل گیٹ کے نہ کھلنے کی خامی بھی سامنے آئی۔ حکام نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی اور مینول اوور رائیڈ سسٹم فوری طور پر فراہم کرکے فعال کیا جائے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔
موک فائر اینڈ ریسکیو ڈرل 11 بج کر 58 منٹ پر کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔ حکام نے کیپٹل ایمرجنسی سروسز کی مجموعی فائر اینڈ ریسکیو رسپانس کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا۔
