Baaghi TV

’6 بچے ہیں، مزید نہیں پال سکتی‘، ماں نے 2 ماہ کا بچہ نالے میں پھینک دیا

مری میں 6 بچوں کی ماں نے مبینہ طور پر مزید بچے کی پرورش سے عاجز آکر اپنے 2 ماہ کے بچے کو برساتی نالے میں پھینک دیا، جس کے نتیجے میں معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔

ڈی پی او مری کے مطابق دلخراش واقعہ یو سی مسیاڑی کے گاؤں گوہڑہ میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے دو ماہ کے بچے کو برساتی نالے میں پھینک دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور بچے کی تلاش شروع کردی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے برساتی نالے سے بچے کی لاش برآمد کرلی، جسے ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کے پہلے ہی 6 بچے ہیں اور وہ مزید بچے کی پرورش نہیں کرسکتی تھی، جس کے باعث اس نے مبینہ طور پر انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے بچے کے والدین کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ بچے کو نالے میں پھینکنے کے واقعے میں والدین کا کیا کردار تھا اور اس کے اصل محرکات کیا تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے آئیں گے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

More posts