سرگودھا: کوٹ مومن کے نواحی علاقے میں تیسری شادی کرنے پر شوہر کو دوسری بیوی نے مبینہ طور پر قتل کردیا، بعدازاں خاتون نے بھی خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق کوٹ مومن میں ایک گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول شوہر نے تقریباً ایک ہفتہ قبل تیسری شادی کی تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نے پہلے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دی، جس کے بعد دوسری شادی کی اور پھر تیسری شادی کرلی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق دوسری بیوی نے مبینہ طور پر شوہر کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ سو رہا تھا۔ خاتون نے چارپائی کے پائے سے شوہر کے سر پر وار کیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق شوہر کو قتل کرنے کے بعد خاتون نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ دونوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے منتقل کردیا گیا ہے۔
