Baaghi TV

میری مجبوریاں مجھے کھینچ کر سڑک پر لے آئی ہیں،مسکان ملک

ماضی میں اپنی اداکاری سے ناظرین کے دل جیتنے والی معروف ٹی وی اور اسٹیج اداکارہ مسکان ملک آج شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور گزر بسر کے لیے کوئٹہ میں سڑک کنارے دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

مسکان ملک کا کہنا ہے کہ بدلتے حالات، بے روزگاری اور گھریلو مشکلات نے انہیں سڑک پر آنے پر مجبور کیا۔ وہ بیمار شوہر اور خاندان کی کفالت کے لیے محنت کر رہی ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ کرائے کے مکان میں رہتی ہیں، جہاں بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کے علاوہ پانی کے ٹینکر اور علاج معالجے کے اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ ان کے مطابق بعض اوقات بجلی اور گیس کے بل 20 سے 25 ہزار روپے تک پہنچ جاتے ہیں۔مسکان ملک کا کہنا ہے کہ ’’میری مجبوریاں مجھے کھینچ کر سڑک پر لے آئی ہیں، میں یہاں دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں بیچ رہی ہوں، لیکن میں نے اپنے فنکار ہونے سے انکار نہیں کیا۔ مجھے اب بھی انتظار ہے کہ مجھے کام ملے گا اور میں دوبارہ کام کروں گی۔‘‘

واضح رہے کہ مسکان ملک نے محض 13 سال کی عمر میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے متعدد ٹی وی ڈراموں اور اسٹیج ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور ایک عرصے تک شوبز سے وابستہ رہیں۔ذرائع کے مطابق مسکان ملک کو حکومتی آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ سے ماہانہ 10 ہزار روپے بھی ملتے ہیں، تاہم موجودہ معاشی حالات میں یہ رقم ان کے گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مسکان ملک سمیت مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کی مؤثر معاونت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ ماضی میں ملک کے فن و ثقافت کے لیے خدمات انجام دینے والے فنکار باعزت زندگی گزار سکیں۔

More posts