Baaghi TV

چین اور پاکستان کا زراعت و لائیو اسٹاک میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

چین اور پاکستان کے درمیان زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

چینی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق چین نے پاکستان کو مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے 3 لاکھ ویکسین کی خوراکیں فراہم کردی ہیں۔ چینی سفارتخانے کی جانب سے لمپی اسکن ڈیزیز (LSD) اور بروسِیلا میلیٹینسس کے خلاف ویکسینز کا عطیہ کیا گیا ہے۔

چینی ناظم الامور شی یوان چیانگ کی نمائندگی میں ویکسینز نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (NARC) کے حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے چین کے بروقت تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

حکام کے مطابق چینی ویکسینز مویشیوں کو خطرناک بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ان کی صحت اور پیداوار بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔ اس تعاون سے خصوصاً چھوٹے کسانوں اور مویشی پالنے والے افراد کے ذریعۂ معاش کے تحفظ میں اہم مدد ملنے کی توقع ہے۔

چینی سفارتخانے کے مطابق بائیوٹیکنالوجی اور جانوروں کی بیماریوں پر قابو پانے کے شعبے میں چین کی مہارت سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ چین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ زرعی اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا اور مضبوط کرے گا۔

More posts