نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے نیپالی سفارتخانے میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور قدرتی آفت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے نیپال کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور لاپتا افراد کی سلامتی کے لیے دعا کی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی خطے کے ممالک کو غیر متناسب طور پر متاثر کررہی ہے، جس کے باعث انسانی جانوں، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے نیپال کی امدادی اور بحالی کی کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی آفت کے اثرات سے نمٹنے کے لیے نیپال کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
