مس گرینڈ انٹرنیشنل نے بھارت کو 2026 کے مقابلے کی میزبانی سے ہٹا دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ مقابلے کی باقی تمام سرگرمیاں اب تھائی لینڈ میں منعقد ہوں گی۔
تنظیم کے مطابق بھارت مطلوبہ معاہداتی شرائط پوری کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث ملک میں مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 سے متعلق تمام سرگرمیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ منتظمین نے کہا کہ میزبان ملک کے لیے مقابلے کے دوران فائیو اسٹار مہمان نوازی اور پروڈکشن کے معیار کو برقرار رکھنا معاہدے کا حصہ تھا، تاہم یہ تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔مس گرینڈ انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاملے کے حل کے لیے کئی مرتبہ بات چیت اور کوششیں کی گئیں، لیکن طے شدہ معیارات پورے نہ ہوسکے۔ تنظیم کے مطابق موجودہ حالات میں مقابلہ بھارت میں جاری رکھنا امیدواروں، عملے، شراکت داروں اور خود مقابلے کے بہترین مفاد میں نہیں تھا۔
اعلان کے مطابق مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 اب 18 ستمبر سے 10 اکتوبر 2026 تک تھائی لینڈ میں منعقد ہوگا۔ مقابلے کے شیڈول، مقامات اور دیگر انتظامات کی تفصیلات بعد میں باضابطہ طور پر جاری کی جائیں گی۔
بھارت کو میزبانی سے محروم کیے جانے کے فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردعمل سامنے آیا۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ بھارت ماضی میں بڑے عالمی بیوٹی مقابلوں کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے، اس لیے مس گرینڈ انٹرنیشنل کی میزبانی نہ ملنے کی وجہ قابلِ بحث ہے۔دریں اثنا، بھارت کی نمائندگی لکشیتا تھیلاگاراج مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 میں کریں گی۔ گزشتہ سال یہ مقابلہ بینکاک میں منعقد ہوا تھا جہاں فلپائن کی ایما ٹگلاو نے تاج اپنے نام کیا تھا۔
