لٹن روڈ کے علاقے میں گھر سے 45 لاکھ روپے مالیت کے سونے کی چوری کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے واردات میں ملوث دو ملزمان کو نارووال سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کے گھر سے تقریباً دو ماہ قبل لاکھوں روپے مالیت کا سونا چوری ہوا تھا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ گھر میں رہنے کے لیے آنے والا خاتون کا خالہ زاد بھائی ہی مبینہ طور پر چوری میں ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گھر کی الماری سے 45 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری کیا اور بعد ازاں اپنے دوست کے ساتھ مل کر اسے فروخت کردیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور موبائل نمبروں کی ٹریسنگ کے ذریعے پولیس نے دونوں ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں نارووال سے گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت اسامہ اور سلمان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 30 لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد ہوئی، جو متاثرہ خاتون کے حوالے کردی گئی۔
ایس پی منزہ کرامت کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
