Baaghi TV

لاہورجمخانہ کلب پر ایکسائز کے چھاپے کا خطرہ

لاہور جمخانہ کلب میں شراب کی مبینہ فروخت کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں سوالات اٹھائے جانے اور محکمہ ایکسائز سے تفصیلات طلب کیے جانے کے بعد کلب کے ویئر ہاؤس میں موجود شراب کا ذخیرہ مبینہ طور پر دوسری جگہ منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز کی جانب سے لاہور جمخانہ کلب کے خلاف ممکنہ کارروائی اور ویئر ہاؤس کی چیکنگ کے خدشے کے پیش نظر کلب میں موجود شراب کا ذخیرہ ہٹایا جا رہا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کلب کے بعض ملازمین، مبینہ طور پر لبھا نامی ملازم کی قیادت میں، ویئر ہاؤسز میں موجود شراب اور دیگر مبینہ ممنوعہ سامان کو کسی دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ سرگرمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پنجاب اسمبلی میں لاہور جمخانہ کلب میں شراب کی مبینہ فروخت کے معاملے پر محکمہ ایکسائز سے باقاعدہ تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی کے حوالے سے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری امجد علی جاوید کی جانب سے جمع کرائے گئے سوال میں محکمہ ایکسائز سے لاہور جمخانہ کلب میں شراب کی فروخت اور اس کے قانونی جواز سے متعلق متعدد اہم معلومات طلب کی گئی ہیں۔سوال میں محکمہ ایکسائز سے دریافت کیا گیا ہے کہ لاہور جمخانہ کلب میں امپورٹڈ شراب کس قانون کے تحت فروخت کی جا رہی ہے اور آیا محکمہ ایکسائز نے کلب کو امپورٹڈ شراب فروخت کرنے کا لائسنس جاری کر رکھا ہے یا نہیں۔اس کے علاوہ محکمہ ایکسائز سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران لاہور جمخانہ کلب کی انتظامیہ نے شراب کی فروخت کی مد میں کتنا ٹیکس ادا کیا۔پنجاب اسمبلی میں جمع کرائے گئے سوال میں یہ معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ آیا کلب کی جانب سے ممبرز اور نان ممبرز کو عمر کی قانونی حد کا لحاظ کیے بغیر شراب فروخت کی گئی اور اگر ایسا ہوا تو اس کے خلاف اب تک کیا کارروائی عمل میں لائی گئی۔سوال میں پولیس، محکمہ انسدادِ منشیات اور محکمہ ایکسائز کی جانب سے لاہور جمخانہ کلب میں شراب کی مبینہ فروخت کے معاملے پر کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔دستاویز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں لاہور جمخانہ کلب سے متعلق معاملات اٹھائے جانے کے بعد متعلقہ سرکاری اداروں سے جواب طلبی اور ممکنہ کارروائی کے حوالے سے دباؤ بڑھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی صورتحال کے پیش نظر کلب انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر ویئر ہاؤس میں موجود شراب کا ذخیرہ دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ محکمہ ایکسائز کی جانب سے ممکنہ چھاپے یا معائنے کے دوران یہ سامان وہاں موجود نہ ہو۔تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ ہی لاہور جمخانہ کلب انتظامیہ یا محکمہ ایکسائز کی جانب سے تاحال ان اطلاعات پر باضابطہ مؤقف سامنے آیا ہے۔

More posts