بین الاقوامی شہرت یافتہ برٹش پاکستانی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر نے اسلام آباد میں صوفی اوپیرا لائیو کنسرٹ کے دوران اوپیرا دھمال سمیت شاندار پرفارمنس پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کردیا، جبکہ ان کی پرفارمنس پر وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی بھی جھوم اٹھے۔
پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اور نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے زیر اہتمام سائرہ پیٹر کے اعزاز میں ’صوفی اوپیرا لائیو کنسرٹ‘ پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ خصوصی موسیقی کی یہ محفل ستارۂ امتیاز 2026ء کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کی گئی، جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی تھے۔
تقریب میں پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی اور سابق وفاقی وزیر سید جمال شاہ سمیت بڑی تعداد میں شائقینِ موسیقی نے شرکت کی۔
پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے مختلف زبانوں میں اوپیرا موسیقی پیش کی اور اپنی پُراثر آواز، منفرد اندازِ گائیکی اور شاندار فن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مغربی اوپیرا اور صوفی موسیقی کا حسین امتزاج پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور بھرپور داد دی۔
سائرہ پیٹر کی اوپیرا دھمال نے محفل میں سماں باندھ دیا، ان کی پرفارمنس سے مغربی اور مشرقی موسیقی کا خوبصورت امتزاج نمایاں ہوا جبکہ پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگی، گہرائی اور شاندار موسیقی کے ورثے کو بھی اجاگر کیا گیا۔
کنسرٹ کے دوران سائرہ پیٹر کی بین الاقوامی پرفارمنس پر مبنی شو ریل بھی حاضرین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی۔ ان کی فنی سرگرمیوں اور مختلف عالمی پلیٹ فارمز پر پیش کی جانے والی پرفارمنسز کو بھی اجاگر کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ یہ تقریب پی این سی اے کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ملک میں فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے، ثقافتی تنوع کو اجاگر کیا جائے اور پاکستانی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مؤثر مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے سائرہ پیٹر کو ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
اپنی گفتگو میں سائرہ پیٹر نے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی، سابق وفاقی وزیر سید جمال شاہ اور پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد ایوب جمالی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت کی شکر گزار ہیں کہ انہیں ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب کیا گیا۔
سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ وہ لندن میں رہتی ہیں لیکن ان کا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے، کیونکہ انہوں نے اسی سرزمین پر جنم لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت اور موسیقی ان کے لیے ہمیشہ خاص اہمیت رکھتی ہے۔
