Baaghi TV

فیصل آباد ریلی کیس، ن لیگی وزراء و ارکان اسمبلی سمیت 51 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

فیصل آباد میں 2019 کی سیاسی ریلی سے متعلق مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے وزراء اور ارکان اسمبلی سمیت 51 ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔

عدالت نے ن لیگی رہنماؤں طلال چوہدری، مصدق ملک اور میاں جاوید لطیف سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالتی حکم کے مطابق شہباز بابر، راؤ کاشف، جعفر علی، قاسم فاروق، اعجاز ورک، حاجی اکرم انصاری اور میاں عبدالمنان کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

عدالت نے مقدمے میں تمام مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا کو ہدایت کی ہے کہ تمام ملزمان کو گرفتار کرکے 12 اکتوبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ 22 جولائی 2019 کو جھنگ بازار سے فوارہ چوک کی جانب جانے والی سیاسی ریلی کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال، ٹریفک کی روانی متاثر کرنے اور نعرے بازی کے الزامات کے تحت تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اسی مقدمے میں اب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے وزراء اور ارکان اسمبلی سمیت 51 ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں اور انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

More posts