Baaghi TV

وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ میں چھٹیاں ختم، اہم کیسز سماعت کیلئے مقرر

supreme

ملک کی عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہوگئی ہیں، جس کے بعد کل سے عدالتوں میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔

وفاقی آئینی عدالت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کل ہوگی، جبکہ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت بدھ کے روز مقرر ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں قائم بینچ کرے گا۔ یہ درخواست شیر افضل مروت نے دائر کر رکھی ہے، جس میں سہیل آفریدی کے خلاف قانونی کارروائی کے علاوہ علی امین گنڈاپور کو دوبارہ وزیراعلیٰ کے منصب پر بحال کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

اسی طرح بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر قیدیوں کی نجی اسپتال سے علاج کی اجازت سے متعلق درخواستوں پر بھی چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت 16 ستمبر کو ہوگی۔ 18 اگست کو جاری کیے گئے حکم کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی اپیل بھی اسی روز سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست بھی سنی جائے گی۔ تاہم سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر آئندہ عدالتی ہفتے کی کاز لسٹ تاحال جاری نہیں کی گئی۔

More posts