سینئر اداکار محسن گیلانی کا 10 سال سے جن ساتھ ہونے کا دعویٰ، نام بھی بتا دیا
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار سید محسن گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 10 سے 12 برس سے ایک جن ان کے ساتھ موجود ہے، جس کا نام ’’نجیب‘‘ ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں محسن گیلانی نے اپنی ذاتی زندگی اور جنات سے متعلق اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے پاس جن ہے اور آج میں یہ بات اس پروگرام میں بتا رہا ہوں، اس وقت بھی میرے ساتھ ایک جن ہے، جس کا نام نجیب ہے اور یہ 10 سے 12 سال سے میرے ساتھ ہے۔‘‘
اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے آباؤ اجداد، بزرگوں اور والد صاحب قرآن کی تعلیم حاصل کرتے تھے اور ان کے مطابق قرآن کا علم رکھنے والے افراد کے ساتھ جنات نسل در نسل منسلک رہتے ہیں۔
محسن گیلانی نے کہا کہ انہوں نے کبھی جنات کو براہِ راست نہیں دیکھا، تاہم ان کے بقول جنات اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں، شرارت کرتے ہیں اور بعض اوقات چیزیں چھپا دیتے ہیں۔
سینئر اداکار نے جنات سے متعلق عام طور پر پھیلی ہوئی کئی باتوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ جنات کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے، تاہم ان کے مطابق جنات بھی اللہ کی مخلوق ہیں۔
محسن گیلانی کے مطابق جنات انسانوں سے ڈر کر رہتے ہیں اور انہیں میٹھی چیزیں پسند ہوتی ہیں۔
