Baaghi TV

بھارت میں 200 سال بعد خاندان میں بیٹی کی پیدائش، شاندار استقبال اور جشن

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بیڑ میں ایک خاندان نے مبینہ طور پر تقریباً 200 سال بعد بیٹی کی پیدائش پر شاندار جشن منایا اور نومولود بچی کا شہزادی کی طرح پرتپاک استقبال کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاندان کا کہنا ہے کہ ان کے ہاں تقریباً پانچ نسلوں سے کسی بیٹی کی پیدائش نہیں ہوئی تھی اور خاندان طویل عرصے سے اس خوشی کے انتظار میں تھا۔ بچی کی پیدائش کے بعد پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ننھی مہمان کی آمد کو یادگار بنانے کے لیے بھرپور انداز میں جشن منایا گیا۔

خاندان کے افراد کے ساتھ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی خوشی میں شرکت کی۔ بچی کے استقبال کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا اور اسے خاندان میں ایک خاص مقام دیتے ہوئے شہزادی کی طرح خوش آمدید کہا گیا۔

بچی کے دادا میڈیا سے گفتگو کے دوران جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان میں بیٹی کی پیدائش ان کے لیے بہت بڑی خوش قسمتی ہے۔ کئی برسوں سے اس بات کا افسوس تھا کہ خاندان میں کوئی بیٹی نہیں تھی، تاہم اب یہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔

بچی کی دادی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورا خاندان بیٹی کی پیدائش پر بے حد خوش ہے اور انہیں ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے آج ان کے گھر لکشمی آئی ہو۔

بچی کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی کی پیدائش سے خاندان میں ایک منفرد خوشی پیدا ہوئی ہے۔ عام طور پر معاشرے میں لوگ بیٹے کی خواہش کرتے ہیں، تاہم بیٹی کی آمد کی خوشی اور احساس ہی کچھ اور ہوتا ہے۔

خاندان کے مطابق تقریب کا مقصد صرف نومولود بچی کی آمد کی خوشی منانا نہیں بلکہ معاشرے کو یہ مثبت پیغام دینا بھی تھا کہ بیٹی کی پیدائش کسی بوجھ کے بجائے خوشی، محبت اور فخر کا موقع ہے اور اسے بھی بیٹے کی پیدائش کی طرح بھرپور انداز میں منایا جانا چاہیے۔

More posts