لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واقعے میں داماد کی جانب سے مبینہ طور پر سسرالیوں پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم نے اس کی بہن، والد، والدہ اور بھائی کو قتل کیا۔ مدعی کے مطابق ملزم نے یہ قتل اپنے والد اور بھائیوں کی ایما پر کیے۔مقتولہ کے بھائی نے بتایا کہ ملزم کے خلاف اس سے قبل تھانہ سندر میں اس کی بہن کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عمران شوکت کے نام سے ہوئی ہے، جس کی شادی تقریباً 6 ماہ قبل ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار لی، جس کے نتیجے میں اس کی بھی موت واقع ہوگئی۔پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد افراد اور واقعے کے دیگر محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
