Baaghi TV

وزیراعظم نے ٹریڈ سہولت بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت تجارت میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے ٹریڈ سہولت بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم خود ٹریڈ سہولت بورڈ کی صدارت کریں گے۔ ٹریڈ سہولت بورڈ تجارت کی مکمل سپلائی چین میں بہتری کے لیے اقدامات کرے گا اور سرحد پار تجارت سے متعلق تمام نان ٹیرف امور پر فیصلے کرے گا، جبکہ تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ اور ٹریڈ سہولت انڈیکس مرتب کرے گا۔

وزیراعظم نے بندرگاہوں کی استعدادِ کار میں بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام اور استعداد بڑھانے کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی کارکردگی، اداروں میں ہم آہنگی اور ریگولیٹری فریم ورک پر کام کریں گے۔ وزیراعظم نے درآمد اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر سہولیات مزید آسان بنانے اور مال کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر امور کو سہل بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے تحت پورٹ چارجز میں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے کی سہولت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے تجارت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت بڑھانے اور بندرگاہوں سے متعلق محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تجارت میں سہولیات کی فراہمی سے برآمدات اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اور وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت جاری اقدامات، منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو جدید تعلیم و تربیت اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنے، ڈیجیٹل معیشت میں ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، روزگار اور کاروبار کے مواقع بڑھانے سمیت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ملاقات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری تعلیمی، ہنرمندی، ڈیجیٹل اور فلاحی پروگراموں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے اور ان کے مؤثر و شفاف نفاذ پر بھی گفتگو ہوئی۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو مزید مؤثر، نتیجہ خیز اور نوجوانوں کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے، جبکہ ترجیحی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

More posts