پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور رکن سلیکشن کمیٹی عاقب جاوید نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی شکست کی ذمہ داری کپتان بابر اعظم پر ڈال دی۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ اگر کھلاڑی بالکل پرفارم نہیں کر رہے ہوں تو سیریز مکمل ہونے کا انتظار نہیں کیا جاسکتا، ایسی صورتحال میں فوری فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ضرورت کے مطابق بروقت تبدیلیاں ضروری ہیں اور ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رہے تو سیریز کے اختتام کا انتظار کرنا مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں قومی ٹیم ابتدائی دونوں میچز میں شکست سے دوچار ہوچکی ہے۔ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست دی، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو 194 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستان سیریز میں 2-0 سے خسارے میں ہے، جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران پی سی بی نے ٹیم اور کوچنگ اسٹاف میں بھی بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔
پی سی بی نے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے ساتھ ساتھ 7 کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ سے ریلیز کردیا ہے، جبکہ تیسرے ٹیسٹ کے لیے نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
