Baaghi TV

بلوچستان، ایام عاشورہ نہایت مذہبی عقیدت و احترام اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مچھ، سبی، جھل مگسی، نصیر آباد اور جعفر آباد میں ایام عاشورہ نہایت مذہبی عقیدت و احترام اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہو گئے

یکم سے دسویں محرم الحرام تک پاک فوج، ایف سی بلوچستان (نارتھ)، پولیس اور سول انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور عزاداروں کو مکمل تحفظ اور پُرسکون ماحول فراہم کیا گیا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کوئٹہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔کوئٹہ شہر میں عزاداروں کی سہولت اور طبی امداد کے لیے مختلف مقامات پر ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور سول انتظامیہ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے۔بلوچستان کی تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی نگرانی یکم سے دسویں محرم الحرام تک مسلسل جاری رہی۔

آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ نے جون کی شدید گرمی میں عوام کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے سول انتظامیہ، ایف سی بلوچستان (نارتھ)، پولیس اور پاک فوج کے جوانوں کی دن رات محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔مقامی عوام اور عزاداروں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان (نارتھ)، پولیس اور سول انتظامیہ کے مؤثر سیکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے کی کاوشوں پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔

More posts