Baaghi TV

بنوں پولیس نے 40 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری کر دی

بنوں: بنوں پولیس نے دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں مطلوب 40 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی تفصیلی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں ملزمان کے نام، عرفیت، تصاویر اور گرفتاری یا ہلاکت کی اطلاع دینے پر مقرر کردہ انعامی رقوم بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ان تمام ملزمان پر مجموعی طور پر 15 کروڑ 85 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق فہرست میں شامل افراد پر بم دھماکوں، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی سے متعلق دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔جاری کردہ فہرست میں متعدد مطلوب دہشت گردوں کے نام شامل ہیں، جن میں افسر علی عرف پشتون، فضل غنی عرف لوانئی، الیاس عرف قاری بلال، زرگل عرف انکل پسین عرف عباسین، حافظ الرحمان عرف پکھان، اعجاز خان عرف اعجازی، کفایت اللہ عرف ناظم، نعمت اللہ عرف مولوی عباس، عبدالقادوس عرف مغویہ، اختر محمد عرف خلیل، حمید اللہ عرف فیکر مند، حیات اللہ، خالد عرف قاری خالد، صدر حیات عرف ابو سفیان، امیرزادہ خان عرف صافی، محمد زبیر عرف خالد عرف جعفر، صادق اللہ عرف امیر صادق، نصیر اللہ عرف عمر عرف فرہاد عرف گیدڑ سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔پولیس کے مطابق اختر محمد عرف خلیل اس فہرست میں سب سے زیادہ مطلوب ملزم ہے، جس کی گرفتاری یا ہلاکت کی اطلاع دینے پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح صدر حیات عرف ابو سفیان، امیرزادہ خان عرف صافی، محمد زبیر عرف خالد عرف جعفر اور صادق اللہ عرف امیر صادق میں سے ہر ایک پر 80 لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے، جبکہ مقامی کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر قرار دیے گئے نصیر اللہ عرف عمر عرف فرہاد عرف گیدڑ پر 70 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔ فہرست میں کم سے کم انعامی رقم 5 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کیپٹن (ر) فرقان بلال نے بتایا کہ 40 انتہائی مطلوب دہشت گردوں پر مجموعی انعامی رقم 15 کروڑ 85 لاکھ روپے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر مطلوب دہشت گردوں کے لیے بھی انعامی رقوم مقرر کرنے کا عمل جاری ہے اور ان کی تفصیلات بھی جلد عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

بنوں پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فہرست میں شامل افراد کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات فوری طور پر پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور مؤثر معلومات فراہم کرنے والوں کو قانون کے مطابق مقررہ انعام ادا کیا جائے گا۔

More posts