Baaghi TV

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حسن مرتضیٰ کی حکومت پر شدید تنقید

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام پر ایک اور معاشی وار ہے، جس نے مہنگائی سے پریشان شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

سید حسن مرتضیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام نے جو تھوڑا سا سکھ کا سانس لیا تھا، حکومت نے وہ بھی مہنگائی کی نذر کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود وہ حیران تھے کہ پاکستان میں ابھی تک پٹرول مہنگا کیوں نہیں ہوا، تاہم ایران پر حملوں کے بعد حکومت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے عالمی بحران کا تمام بوجھ پاکستانی عوام پر ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کے بقول حکومت قومی خزانے میں بہتری کے دعوے تو کر رہی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ عوام کی جیبیں مسلسل خالی کی جا رہی ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی سے نہ صرف سکون بلکہ جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر مرتبہ حکومت کے معاشی فیصلوں کا خمیازہ عام شہری کو ہی بھگتنا پڑتا ہے۔

سید حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے لیے ایک اور ناقابلِ برداشت معاشی جھٹکا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس قوم پر رحم فرمائے کیونکہ عوام مسلسل مہنگائی کے عذاب کا سامنا کر رہے ہیں۔

More posts