Baaghi TV

پاکستانی شہری نے ابوظبی بگ ٹکٹ کی 15 ملین درہم کی انعامی رقم جیت لی

ابوظبی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے 64 سالہ کاروباری شخص شوکت آفتاب نے ابوظبی کے بگ ٹکٹ کے ستمبر کے لائیو ڈرا میں 15 ملین درہم کا گرینڈ پرائز جیت لیا۔

شوکت آفتاب کا کامیاب ٹکٹ نمبر 245556 نکلا۔ بگ ٹکٹ کے میزبان رچرڈ اور بشریٰ نے پاکستان میں موجود شوکت آفتاب کو فون کرکے خوشخبری سنائی، تاہم ابتدا میں وہ یہ سمجھتے رہے کہ شاید کوئی اسپیم کال ہے۔فون پر جب میزبانوں نے انہیں بتایا کہ انہوں نے 15 ملین درہم کا انعام جیت لیا ہے تو شوکت آفتاب حیران رہ گئے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میزبانوں کا شکریہ ادا کیا، تاہم ساتھ ہی کہا کہ انہیں یقین نہیں آرہا کہ یہ قانونی کال ہے۔بگ ٹکٹ کے میزبان رچرڈ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بگ ٹکٹ کے یوٹیوب چینل یا ویب سائٹ پر جاکر اپنے انعام کی تصدیق کرلیں، کیونکہ اسپیم کالز عام ہونے کے باعث ان کا محتاط ہونا قابلِ فہم تھا۔

شوکت آفتاب کے مطابق انہوں نے تقریباً 15 سال قبل بگ ٹکٹ کے بارے میں سنا تھا اور اس کے بعد سے مسلسل ٹکٹ خریدتے رہے ہیں۔ وہ بعض اوقات ایک ساتھ دو ٹکٹ بھی خریدتے تھے۔ ماضی میں وہ دوستوں کے گروپ کے ساتھ بھی ٹکٹ خرید چکے ہیں، تاہم اس بار کامیاب ٹکٹ انہوں نے اکیلے خریدا تھا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ دبئی میں مقیم فلپائنی شہری رینالڈو ہربوسو نے بگ ٹکٹ کے لائیو ڈرا میں 20 ملین درہم کا گرینڈ پرائز جیتا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شوکت آفتاب کا فاتح ٹکٹ بھی اسی رینالڈو ہربوسو نے ڈرا کے دوران شیشے کے باکس سے نکالا تھا۔

اسی ڈرا میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 55 سالہ اکاؤنٹنٹ رویندرناتھن وینیش نے ڈریم کار کے طور پر لینڈ روور ڈیفنڈر جیت لی۔وینیش گزشتہ تقریباً 30 برس سے شارجہ میں مقیم ہیں اور ہر ماہ بگ ٹکٹ کا ٹکٹ خریدنے کی عادت رکھتے ہیں۔ کبھی وہ اکیلے جبکہ کبھی دوستوں کے ساتھ مل کر ٹکٹ خریدتے ہیں۔وینیش نے بتایا کہ جب انہیں کامیابی کی کال موصول ہوئی تو وہ بھی الجھن کا شکار ہوگئے، کیونکہ اس سے قبل انہیں بگ ٹکٹ کے نام سے پروموشنل کالز آتی رہی تھیں۔ ان کے بیٹے نے یوٹیوب پر لائیو ڈرا چیک کرکے کامیابی کی تصدیق کی، جس کے بعد انہیں یقین آیا کہ واقعی وہ ڈریم کار جیت چکے ہیں۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 30 برس سے اس ملک میں رہ رہے ہیں اور اس ملک نے انہیں بہت کچھ دیا ہے، جبکہ بگ ٹکٹ میں شرکت کا موقع بھی ان کے لیے ایک یادگار تحفہ ثابت ہوا۔

لائیو ڈرا میں چار بھارتی شہریوں اور ایک بنگلہ دیشی شہری نے بھی ایک ایک لاکھ درہم کا انعام جیتا۔انعام جیتنے والوں میں شبلین سرفراز، بھارت،سریش کمار ، بھارت،ملاپولی پروین بابو ، بھارت،سندیپ کمار ننیرا ، بھارت،محمد رفیق الاسلام احمد ، بنگلہ دیش،شامل ہیں۔بگ ٹکٹ نے اعلان کیا ہے کہ ستمبر کے لیے 20 ملین درہم کا گرینڈ پرائز رکھا گیا ہے، جبکہ متعدد دیگر نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔ ان انعامات کے لیے اگلا لائیو ڈرا 3 اکتوبر کو ہوگا۔

More posts