بھارت میں سینئر وکیل اور سماجی کارکن پرشانت بھوشن نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں دو قسم کے غنڈے پالے گئے ہیں ، جن میں ایک گروہ ہجومی تشدد ، جبکہ دوسرا سوشل میڈیا پر گالم گلوچ ، دھمکیاں دینے اور جھوٹی خبریں پھیلانے میں ملوث ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق، اُنہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں صحافی سواتی چترویدی کی کتاب ’’آئی ایم اے ٹرول‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک منظم آن لائن گروہ وزیر اعظم کی حمایت میں کام کر رہا ہے۔
اُنہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے جن زی (Gen Z) سے رابطہ قائم کرنے کی بھارتی حکومت کی حالیہ کوششوں پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کوشش آن لائن بدتمیزی کے کلچر سے میل نہیں کھاتی۔
پرشانت بھوشن کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے لیے سیاسی پیغام رسانی کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر گالم گلوچ اور جھوٹی خبروں کو بھی روکنا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت مند عوامی گفتگو کے لیے احتساب ضروری ہے۔
اس بیان سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے اور بہت سے صارفین نے پرشانت بھوشن کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے
