عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وکیل جبران ناصر کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
گزشتہ کئی روز سے جبران ناصر کے مختلف بیانات کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔ ماہرہ خان نے بھی جبران ناصر کے ایک بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔اداکارہ نے اپنے کمنٹ میں لکھا، ’’جبران ناصر، آپ بہترین کام کر رہے ہیں، ہم سب اس ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔‘‘ماہرہ خان نے مزید کہا، ’’یہ سب بکواس اب ختم ہونی چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ میر رضا کی قبرکشائی کے بعد سامنے آنے والی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق انہیں مبینہ طور پر پیچھے سے گولی ماری گئی تھی، جبکہ جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔رپورٹ کے مطابق میر رضا کی دائیں ران اور جبڑے پر فریکچر کے شواہد ملے، جبکہ جسم کے نچلے حصے کے ٹشوز پر خون کے دھبے بھی موجود تھے۔
دوسری جانب کیس کی تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ فارنزک لیبارٹری بھیجے گئے کپڑوں کے معائنے میں میر رضا کے ہاتھ اور چہرے پر تیزاب ڈالے جانے کے شواہد ملے۔ تفتیشی حکام کے مطابق مبینہ طور پر تیزاب ڈالنے کا مقصد شناخت کو متاثر کرنا ہو سکتا ہے۔
کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور واقعے سے متعلق حتمی حقائق کا تعین تفتیش اور فرانزک رپورٹس کی تکمیل کے بعد ہوگا۔
