بحیرۂ احمر میں یمن کے حوثی باغیوں کے تجارتی بحری جہاز پر حملے میں جاں بحق ہونے والے 2 پاکستانیوں کی میتیں اور زخمی ہونے والے 6 پاکستانیوں کو وطن روانہ کردیا گیا۔
جاں بحق پاکستانیوں عمیر افضل اور محمد اکرم کی میتیں یمن سے سعودی عرب منتقل کی گئیں، جہاں سے دونوں میتوں کو سعودی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے جدہ سے کراچی روانہ کیا گیا،حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانیوں ظہیر احمد، محمد امیر حمزہ، امتیاز علی، محمد عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید کو پی آئی اے کی پروا زوں کے ذریعے جدہ سے اسلام آباد اور کراچی روانہ کیا گیا۔
جدہ ایئرپورٹ پر پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے دیگر حکام کے ہمراہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتوں اور زخمی شہریوں کو پاکستان روانہ کیااس موقع پر قونصل جنرل نے زخمی پاکستانیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
