باجوڑ میں پاکستان آرمی کے بٹالین اور ونگ ہیڈکوارٹرز پر حملوں سے متعلق سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس میں گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دے دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 14 مئی 2026 کو باجوڑ کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی کوششیں ضرور کی گئیں، تاہم پاکستان آرمی کے کسی بھی بٹالین یا ونگ ہیڈکوارٹر پر قبضہ یا نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج نے مینا اور عنایت کلے کے علاقوں میں چھاپہ مار حملوں کی کوشش کی، لیکن سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔
سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد خوارج مارے گئے جبکہ باقی فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ حکام کے مطابق صورتحال اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔
فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو گرفتار یا ختم کیا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں، کیونکہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے سے خوف و ہراس پیدا ہوتا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری مختلف مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
باجوڑ میں فوجی ہیڈکوارٹرز پر حملوں کی افواہیں بے بنیاد قرار
