امریکا کی ریاست کینٹکی میں موسلادھار بارشوں کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ مختلف علاقوں میں پل بہہ گئے، سڑکیں زیر آب آ گئیں اور سیکڑوں گھروں میں پانی داخل ہو گیا، جبکہ اب تک کم از کم 4 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے متعدد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے، جبکہ مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر کے مطابق ایک شخص جیکسن کاؤنٹی میں جان کی بازی ہار گیا، جبکہ میڈیسن کاؤنٹی میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں ایک مرد اور ایک خاتون بھی شامل ہیں، جو اپنے زیر آب آنے والے گھر میں ڈوب گئے۔
گورنر اینڈی بیشیئر نے ریاست میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر رات کے وقت سڑکوں پر نکلنے سے حتی الامکان بچیں۔ انہوں نے کہا کہ اندھیرا ہونے کے بعد حالات مزید خطرناک ہو سکتے ہیں، اس لیے عوام اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔
حکام کے مطابق ایک موٹر سوار بھی فلیش فلڈ کے تیز ریلے میں بہہ جانے کے باعث ہلاک ہوا۔ امدادی ادارے مسلسل متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے اور امدادی سامان پہنچانے میں مصروف ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مزید شدید بارشوں کا سلسلہ اتوار کے روز کینٹکی سے مشرق کی جانب بڑھتے ہوئے ریاست ٹینیسی کے مختلف علاقوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی ریاست کینٹکی میں شدید سیلاب، 4 افراد ہلاک، ایمرجنسی نافذ
